فری میڈیا کسی بھی سوسائٹی میں بہت اہمیت کا حامل ہے برطانوی ہائی کمشنر

May 04, 2024

 اسلام آباد(وقائع نگار)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر صحافتی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے نیشنل پریس کلب کادورہ کیا۔ این پی سی آمد پر صدر اظہر جتوئی ، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار احمد عباسی سمیت ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی کے اراکین نے معزز مہمان کا پر تپاک استقبال کیا اور پھول پیش کئے،سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور معزز مہمان کو نیشنل پریس کلب آمد پر ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی کے اراکین کی طرف سے خوش آمدید کہا انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات کیلئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکے پاکستان میں تعیناتی کے ایک برس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ قریبی تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے جو کہ خوش آئند امر ہے،انہوں نے معزز مہمان کو نیشنل پریس کلب اور اس میں ہونے والی تقریبات اور ویمن جرنلسٹ کاکس کے کردار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا این پی سی کے پروگرام میٹ دی پر یس سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب آکر بہت خوشی ہوئی ہے، صحافت کی عالمی دن کے موقع پر صحافتی کمیونٹی سے بات کرنا باعث فخر ہے، صحافت کا مجھے بچپن سے شوق تھا ،ماضی میں خود بھی صحافت کے شعبے سے منسلک رہی ہوں، آزادی اظہار رائے کا معاشرے میں اہم مقام ہے، بطور صحافی مشکل علاقوں میں کام کرنا کٹھن ہے ،صحافیوں کیلئے دنیا بھر میں موجودہ حالات خطرات اور چیلنجزسے کم نہیں، فری میڈیا کسی بھی سوسائٹی میں بہت اہمیت کا حامل ہے،برطانوی ہائی کمشنرکامزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تعیناتی سے قبل بہت سے ممالک میں سفارتکاری کی ،ماحولیاتی تبدیلی نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے ہمیں ان چیلنجز سے ملکر نمٹنا ہوگا۔

مزیدخبریں