اسلام آباد(خبرنگار)آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر، چیئرمین سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں کو معاشرے کے لیے ان کی گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا، اس اہم دن پر، آئیے ہم آزادی صحافت کے تحفظ اور اسے برقرار رکھنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کریں۔ صحافت کا شعبہ، جمہوریت کو برقرار رکھنے، احتساب کو فروغ دینے اور متنوع آوازوں کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے چیئرمین سینیٹ نے کہا:صحافت کے طالب علم کی حیثیت سے، میرا اس عظیم پیشے سے ذاتی تعلق ہے اور صحافیوں کی لگن اور حوصلے کو دل سے تسلیم کرتا ہوں۔ آزاد صحافت کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور پرچار میں مرکزی کردار ہے تنازعات اور بدامنی سے متاثرہ علاقوں اور دنیا بھر میں صحافی پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی ترین معیار کے ساتھ خطرات اور رکاوٹوں کو دیانتداری اور بہادری سے برداشت کرتے ہوئے ایک مقدس فریضہ انجام دے رہے ہیںچیئرمین سینیٹ نے آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے کام کرنے کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پریس کی آزادی مضبوط اور ترقی پسند جمہوریت کا سنگ بنیاد ہے اور پائیدار ترقی کا کلیدی محرک ہے۔ آزادی صحافت کے اس عالمی دن پر، آئیے ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کریں اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد کریں، جو ہمیں ہر طرح کے نامصائب حالات میں بھی خبریں پہنچاتے ہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے بھی آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انکا کہنا تھا کہ آزادی صحافت کے رہنما اصولوں پر چلتے ہوئے ہی معاشرتی ترقی کا حصول ممکن ہو پائے گا۔ آئیں ہم سب مل کر صحافیوں کے حقوق اور فلاح بہبود کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد کریں۔