یوم تاسیس کے موقع پر ریلی ،شعیب شاہین کی عبوری ضمانت منظور ،7 مئی کیلئے نوٹس جاری 

اسلام آباد(وقائع نگار)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس محمد خان کی عدالت نے یوم تاسیس کے موقع پر ریلی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماو سینئر قانون دان شعیب شاہین کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔گذشتہ روز شعیب شاہین کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری پر سماعت کے دوران وکیل سردار مصروف نے موقف اپنایا کہ انتظامیہ نے شعیب شاہین کیخلاف جھوٹا، بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا۔ پی ٹی آئی جب بھی پر امن احتجاج کرتی ہے تو نیا مقدمہ درج ہو جاتا ہے۔ شعیب شاہین نے موقف اپنایا کہ اپنے اوپر درج مقدمات کی وجہ سے وکالت کی پریکٹس ویسے ہی نہیں کر رہے، ایک مہینے میں تین چار مقدمات تو ہم پر ویسے ہی درج ہو جاتے ہیں۔ جج اویس محمد نے شعیب شاہین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ چلیں مقدمات کی وجہ سے اپ کا عدالت کا تجربہ تو ہو رہا ہے نا۔ عدالت نے شعیب شاہین کی پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے فریقین کو7 مئی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔

ای پیپر دی نیشن