پاکستان رینجرز (سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے جنت گل سہراب گوٹھ سے افغانی ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلا ت کے مطابق کارروائی کے دوران 5ملزمان رضوان، حکیم عرف نواب عرف چیچو، طالب، آصف عرف وسیم عرف منہ اور محمد عجب خان کو گرفتار کر لیا،ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں سہراب گوٹھ، گلشن اقبال ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، لیاقت آباد اور گردونواح کے علاقوں میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے اور شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔دوران تفتیش ملزم رضوان اور حکیم نواب عرف چیچونے چاند رات کو بلاک 21ایف بی ایریا گلبرگ ٹاؤن میں مسجد کے سامنے بیٹھے دو شہریوں کو گن پوائنٹ پر نقدی اور موٹرسائیکل چھینے کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ملزم آصف عرف وسیم عرف منہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عائشہ منزل کے قریب شہری فیضان اسلم کو دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے زخمی کرنے کاانکشاف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف متعدد تھانوں میں ایف آئی آر درج ہیں جبکہ ملزمان نے تین ہٹی کے علاقے میں ایک چائے کے ہوٹل سے اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی،افغانی ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار
May 04, 2024 | 13:11