بشریٰ بی بی کی بیٹیوں کی والدہ کے حق میں گواہی

May 04, 2024 | 13:39

دورانِ عدت نکاح کیس میں گرفتار بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بیٹیوں نے والدہ کے حق میں ویڈیو بیان جاری کردیا۔ویڈیو بیان میں بشریٰ بی بی کی دونوں بیٹیوں نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائی کہ اُن کی والدہ نے عدت مکمل ہونے کے بعد ہی عمران خان سے نکاح کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ میں نے پچھلے کچھ دنوں میں اپنی والدہ کے بارے میں میڈیا میں بہت گند سنا ہے، جس سے ہماری راتوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں، معلوم نہیں بابا (خاور مانیکا) پر کوئی دباؤ ہے یا کیا وجہ ہے جو انہوں نے یہ سب کچھ کیا، میں اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی۔ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ہماری والدہ کوئی پیر نہیں ہیں، نہ انہوں نے کبھی کہا کہ مجھے پیر کہو، لوگ نجانے کیوں ایسا کہتے ہیں، یہ اُن لوگوں سے ہی پوچھا جائے۔والدہ (بشریٰ بی بی) سے عمران خان کی ملاقات کے بارے انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے نکاح سے پہلے ہماری والدہ کا چہرہ نہیں دیکھا تھا، وہ جب بھی ہمارے گھر آتے تھے تو والدہ باپردہ ہو کر اُن سے ملاقات کرتی تھیں، یہاں تک کہ ہاتھوں پر دستانے تک پہن لیتی تھیں جس پر ہم والدہ کا مزاق اڑایا کرتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ والدہ جب خان صاحب سے گفتگو کر رہی ہوتی تھیں تو وہ ہمیں بھی پاس بٹھا لیا کرتی تھیں اور ہم یہ کہہ کر جان چھڑواتیں تھیں کہ ہم کو معاف کر دیں یہ باتیں ہم روزانہ سنتی ہیں۔بشریٰ بی بی کی دوسری صاحبزادی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہماری والدہ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ وہ عملیات کرتی ہیں، جادو گرنی ہیں اور عملیات کے باعث انہوں نے سابق شوہر خاور مانیکا کو قابو کیا ہوا تھا اس لیے وہ پہلے کچھ نہیں بولے تھے، یہ تمام الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری والدہ نیک اور باپردہ خاتون ہیں، انہوں نے ساری زندگی اپنے خاندان اور اپنے گھر میں گزاری، ہم 5 بہنیں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوتی تھیں، ہوم ورک بھی اُن کے پاس بیٹھ کر کرتی تھیں، ان کی کوئی سوشل لائف نہیں تھی، انہوں نے پوری زندگی دینی تعلیمات میں لگائی، ان کو دین اسلام سے متعلق کوئی بھی کتاب ملتی تھی تو وہ بڑھ لیا کرتی تھیں، ان سے کوئی بھی کسی شرعی مسئلے سے متعلق پوچھتا تو وہ اس کی رہنمائی کیا کرتی تھیں۔عدت کے دوران نکاح کے الزام سے متعلق انہوں نے کہا کہ میرے بہن بھائی چھوٹے تھے اس لیے والدہ گھر میں ہی شرعی عدت پوری کرکے گئی تھیں، ان کا کمرہ اور ہمارے والد کا کمرہ الگ ہو گیا تھا، اس کے بعد وہ نانی کے گھر چلی گئیں پھر کافی عرصے بعد ان کا خان صاحب سے نکاح ہوا۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیوروں اور گھر کے نوکروں کی گواہی سے زیادہ بڑی ہماری گواہی ہے کیونکہ ہم نے زیادہ ٹائم اپنی والدہ کے ساتھ گزارا ہے۔بشریٰ بی بی کی بیٹیوں کے ویڈیو بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شہباز گل نے کہا کہ جیسے بشریٰ بی بی کی بیٹیوں سے قرآن اٹھوائے گئے ہیں یہ یاد رکھیں یہ وقت لوٹ کر آئے گا، ایسا نہ ہو کہ آپ سے برداشت نہ ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی لاوارث نہیں، اُن کا وارث اللہ اور پھر عمران خان اور پھر پاکستان کی عوام ہیں، عورتوں کو اس سب سے باہر رکھنا چاہیے تھا لیکن افسوس حدیں کراس ہو گئیں۔

مزیدخبریں