ایلون مسک نے اخراجات کم کرنے کے لیے اپنی الیکٹرک کار ساز کمپنی ’ٹیسلا‘ کی پوری ’سپرچارجر‘ ٹیم کونوکری سے فارغ کر دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق سپرچارجر ٹیم ٹیسلا کی پوری ورک فورس کا 10فیصد تھی، جس کو ملازمت سے نکالنے کے بعد سپر چارجر پراجیکٹ سست روی کا شکا ر ہو گیا ہے اور بے روزگار ہونے والے ملازمین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکہ بھر میں موجود ٹیسلا کے چارجنگ پوائنٹس اس اقدام سے تباہ ہو جائیں گے۔
جن لوگوں کو ملازمت سے نکالا گیا ہے ان میں سپرچارجر ڈویژن کی سینئر ڈائریکٹر ربیکا ٹینوکی بھی شامل ہیں جو کمپنی کی سینئرترین خاتون عہدیدار تھیں۔ ایلون مسک کی طرف سے یہ کڑا اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب ٹیسلا گاڑیوں کی فروخت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔
سپرچارجر ٹیم کے سابق ورکر ویلیجامیسن نے اپنے ایکس اکائونٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ٹیسلا اور ایلون مسک نے کمپنی کی تمام سپرچارجنگ ٹیم کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ میں نہیں جانتا کہ اس کے کمپنی کے چارجنگ نیٹ ورک ’این اے سی ایس‘ پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ ہماری ٹیم انڈسٹری میں بہترین کام کر رہی تھی، اسے نوکری سے نکالنا بے جواز اقدام ہے۔‘‘