وزیردفاع چوہدری احمد مختارنے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ پی آئی اے نے مزید طیارے نہ خریدے تو قومی ائیرلائنز بند ہونے کا خدشہ ہے۔

وزیردفاع نے یہ بات ڈپٹی سپیکرفیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایک نکتہ اعتراض کے جواب میں کہی ۔  چوہدری احمد مختارنے کہا کہ قومی ائیرلائن کابینہ کی منظوری کے بعد اگلے پانچ سال میں پچاس نئے طیارے خریدے گی۔  پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کے لئے فائدے مند روٹس پرہنگامی پروازیں چلانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیرمملکت برائے مواصلات امتیازصفدروڑائچ نے کہا کہ حکومت موٹروے ٹول ٹیکس میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے الیکٹرانک ٹول ٹیکس متعارف کرا رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نوید قمرنے بتایا کہ اس وقت گھریلو اور تجارتی سطح پرگیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی۔ گیس لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول کابینہ کی منظوری کے بعد بنایا جائے گا۔  اُدھر کراچی سے حیدرآباد تک سپرہائی وے کی مرمت کے بارے میں سوال کا جواب نہ ملنے پرممبر قومی اسمبلی عبدالغنی تالپورنے واک آوٹ کیا۔ قائم مقام سپیکرنے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کی صبح دس بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔

ای پیپر دی نیشن