ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی نماز جنازہ لندن میں ادا کر دی گئی ، ان کی تدفین ہفتے کو کراچی میں ہوگی

عمران فاروق کی نماز جنازہ لندن میں ویسٹ ہیڈن کی مرکزی مسجد میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، مصطفی کمال، رضا ہارون، انیس ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماوں اور کارکنوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر الطاف حسین نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق جیسے رہنما صدیوں میں ملتے ہیں اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ الطاف حسین کاکہناتھا کہ وہ عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات سے مطمئن ہیں قاتل جلدبے نقاب ہوجائیں گےدوسری طرف ایم کیوایم کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کی میت جمعہ کو لندن سے پاکستان کیلئے روانہ کی جائے گی جو ہفتے کی صبح کراچی پہنچے گی جبکہ اسی روز جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی ۔ انہیں شہداء قبرستان یسین آباد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عمران فاروق کا سوئم اتوار کو ہو گا اور جمعرات سے اتوار تک ایم کیو ایم کی تمام سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی ۔

ای پیپر دی نیشن