بجلی مزید 1.77 روپے یونٹ مہنگی‘ آٹے کی قیمت 5 روپے تھیلا بڑھا دی گئی‘ ”عید کا تحفہ“ مسترد کرتے ہیں‘ چیف جسٹس نوٹس لیں: سیاسی‘ مذہبی رہنما

لاہور (نیوز رپورٹر) نیپرا نے پیپکو کی تقسیم کار کمپنیوں کو ماہانہ ٹیرف میں 1 روپے 77 پیسے فی یونٹ اضافے کی اجازت دےدی ہے۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ستمبر کیلئے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے ٹیرف میں ایک روپے 80 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی تھی لیکن ٹیرف میں ایک روپے 70 پیسے کی اجازت دی گئی ہے، نرخوں میں یہ اضافہ آئندہ ماہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا جبکہ اس کا اطلاق کے ای ایس سی پر نہیں ہوگا۔ نیپرا کاکہنا ہے بجلی کی قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ آن لائن کے مطابق اضافے کی منظوری فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ماہ ستمبر کیلئے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقسیم کار کمپنیز کی جانب سے نیپرا کو ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ بجلی اضافے کی درخواست دی گئی تھی تاہم ٹرانسمیشن لاسز زیادہ ہونے کی وجہ سے اس میں 3پیسے کم کر دیئے گئے۔ اضافے کا اطلاق 50 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے اور لائف لائن صارفین پر لاگو نہیں ہو گا۔ نیپرا میں سماعت کے دوران یہ بھی بتایا گیا رینٹل پاور پلانٹ سے 42 روپے 57 پیسے فی یونٹ خریدی گئی جس پر چیئرمین (نیپرا) نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا فرنس آئل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ اے این این کے مطابق چیئرمین نیپرا نے ہدایت کی آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں نیا اضافہ الگ سے واضح طور پر تحریر کیا جائے۔ آئی این پی کے مطابق بجلی کی 9 تقسیم کار کمپنیوں کو ماہانہ ٹیرف میں اضافے کی اجازت دیکر حکومت نے عوام پر ایک بار پھر بجلی گرا دی۔
لاہور (کامرس رپورٹر) عیدالاضحی سے قبل فلور ملوں نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت میں 5 روپے، 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 3 روپے اور 79 کلو آٹے کی بوری کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا ہے۔ لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف کے مطابق پرچون سطح پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 585 روپے، 10 کلو تھیلے کی قیمت 298 روپے اور 79 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 2300 روپے ہو گئی ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین بلال اسلم صوفی کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں 45 روپے من اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے باعث آٹے کے نرخوں میں اضافہ ہوا ہے۔
لاہور (خصوصی رپورٹر) عید سے پہلے بجلی کی قیمت میں 1.77 روپے فی یونٹ اضافے پر دینی، سیاسی اور سماجی تنظیموں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے عید کے موقع پر وفاقی حکومت کو عوام کو ریلیف کا تحفہ دینا چاہئے تھا لیکن اس نے مہنگائی کا تحفہ دیا۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینئر مشیر وزیراعلیٰ سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا وفاقی حکومت کی غفلت اور نااہلی کے باعث عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے عید سے پہلے بجلی کی قیمت میں اضافے کو عوام کو حکومت کی طرف سے عید کا تحفہ قرار دیا۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا بجلی کی قیمت میں اضافہ پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کا حصہ ہے۔ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے کوشاں ہے اور بہت جلد عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا حکمران اس قدر بے حس ہو چکے ہیں انہیں عید کے موقع پر بھی عوام کو ریلیف کا تحفہ دینے کی بجائے قیمتوں میں اضافے کی بری خبر سناتے ہوئے ذرا سا بھی ملال نہیں ہوتا۔ ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے عید سے پہلے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔ جماعة الدعوة شعبہ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی‘ جماعة الدعوة لاہور کے امیر مولانا محمد حسین صدیقی‘ تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید و دیگر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے آئے دن بجلی کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے دباو پر کیا جا رہا ہے حکومت ملک میں بجلی کی کمی ظاہر کر کے بھارت سے بجلی خریدنے کا جواز پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر پیدا ہو گی اور پسے ہوئے عوام پر اور زیادہ بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا حکمران ملک میں عالمی مالیاتی اداروں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستانی قوم کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے جسے پوری پاکستانی قوم مسترد کرتی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سوموٹو ایکشن لیں اور حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن