عازمین حج آج منٰی پہنچیں گے

Nov 04, 2011

سفیر یاؤ جنگ
مکہ مکرمہ+ اسلام آباد (مبشر اقبال لون استادانوالہ+ ممتاز احمد بڈانی ) اسلامی تاریخ کے 1424ویں حج کے مناسک آج (جمعہ 4 نومبر 2011ئ) سے شروع ہوں گے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے 25 لاکھ سے زائد مسلمان لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے مکہ شہر کے شمال مشرق میں چھ کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع وادی منیٰ میں قائم خیموں کے شہر میں گزشتہ رات سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے جہاں وہ آج ظہر، عصر، مغرب اور عشاءکی نمازیں ادا کریں گے۔ کل 9 ذوالحجہ ہفتہ کو وقوف عرفہ کا اہم ترین رکن ادا کرنے کے بعد حجاج سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ کیلئے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے صبح تک قیام کرینگے اور وہاں سے کنکریاں لیکر رمی کیلئے منٰی آ جائیں گے اور شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کرینگے اور سر منڈوا کر احرام کھول دینگے۔ امسال ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کرینگے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ کی دعوت پر اس سال 1400 افراد شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی سعادت حاصل کریں گے، ان افراد کا تعلق پاکستان، انڈونیشیا، بھارت، بنگلہ دیش، ترکی، افغانستان، تھائی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، کمبوڈیا اور دیگر ممالک سے ہے۔ جدہ میں 14 سعودی شہریوں کی جان بچانے کے بعد سیلابی ریلے کی نذر ہونے والے پاکستانی فرمان علی کے اہل خانہ بھی شاہ عبداللہ کے مہمان کی حیثیت سے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ اس سال انڈونیشیا کے دو لاکھ 20 ہزار افراد، پاکستان سے ایک لاکھ 80 ہزار، بھارت سے ایک لاکھ 70 ہزار، بنگلہ دیش سے ایک لاکھ آٹھ ہزار، ایران سے 94 ہزار، مصر سے 90 ہزار، ترکی سے 73 ہزار، ملائیشیا سے 28 ہزار، چین سے 14 ہزار اور 47 ہزار غیر عرب افریقی ممالک سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 95 ہزار افراد اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
مزیدخبریں