پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے نواحی علاقہ پھندو چوک کے قریب شیخ اخون پنجو بابا مزارمیں بم دھماکہ کے نتیجہ میں مزارکو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکہ کے بعدپولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کا محاصرہ کرکے مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تفصیلات کے مطابق نامعلوم شر پسندوں نے نواحی علاقہ پھندو چوک کے قریب واقع شیخ اخون پنجوبابا مزار کی دیوار کے ساتھ بارودی مواد نصب کیا جو آٹھ بجے کے قریب زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں مزار کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اورلوگوں میں ایک مرتبہ پھر خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکہ ٹائم بم کا تھا جس میں تین کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے جبکہ دھماکہ کے وقت مزارمیں کوئی موجود نہیں تھا۔ اس لئے دھماکہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔