پیرس (اے پی پی) پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری، پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے۔ پاک، ڈچ جوڑی نے سیمی فائنل میں مارین کلک اور مارسیلو میلو کی جوڑی کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ فرانس میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے مینز ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے ہالینڈ کے جوڑی دار جین جیولین راجر کا مقابلہ کروشیا کے مارین کلک اور ان کے برازیلین جوڑی دار مارسیلو میلو سے تھا۔ پہلے سیٹ میں مارین کلک اور میلو نے اعصام اور راجر کے خلاف با آسانی 6-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اعصام اور راجر نے دوسرے سیٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور سیٹ 6-4 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا تاہم اعصام اور راجر نے آخر دم تک ہمت نہ ہاری اور حریف جوڑی کو 11-9 سے زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔اعصام الحق اور راجر کی جوڑی 31 میں سے ریکارڈ 21میچ جیت چکی ہے۔ یاد رہے کہ اعصام الحق نے گزشتہ سال بھارتی جوڑی دار روہن بوپنا کے ساتھ پیرس ماسٹرز ٹینس ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔