لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کی مشیر ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ ویمن پیکج پر عملدرآمد جاری ہے تا کہ حکومت کے ویژن کے مطابق خواتین کے معاشی ، معاشرتی اور قانونی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔یہ بات انہوںنے خواتین پیکج پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ترقی خواتین پنجاب ارم بخاری ، طاہر سرفراز اعوان ، عنبرین ساجد ، بابر تارڑ ، نادر خلیق ، سجادحیدر ،ہائر ایجوکیشن اور لاءکے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تحصیل ، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر قائم تمام تعلیمی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام یقینی بنایا جا رہا ہے - بیگم ذکیہ شاہنواز نے ہدایت کی کہ جن تعلیمی اداروں میں ابھی ڈے کیئر سنٹرزموجود نہیں ہیں وہاں عارضی طور پر ان کا قیام عمل میں لایا جائے اور بعد ازاں مستقل ڈے کیئر سنٹرز قائم کئے جائیں تا کہ ملازمت پیشہ خواتین اپنے بچوں کو دوران ڈیوٹی بحفاظت یہاں چھوڑ سکیں-