لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ لاہور، ملتان اور راولپنڈی کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لیے۔یل سی سی اے گروانڈ میں لاہور راوی کی ٹیم نے فیصل آباد کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے مات دی۔فیصل آباد کی ٹیم نے دوسری اننگز 96 رنز 8 کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 130 پر آوٹ ہو گئی، لاہور کے محمد عرفان نے پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ لاہور کی ٹیم کو جیت کےلیے 125 رنز کا ہدف ملا جو اس نے تین وکٹوں پر 127 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ عمران بٹ نے 74 اور ارسلان باجوہ نے 32 نمایاں رنز بنائے۔ راولپنڈی میں ایبٹ آباد کی ٹیم نے دوسری اننگز 140 رنز 6 کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی۔ پوری ٹیم 274 کے سکور پر آوٹ ہو گئی۔ ریحان آفریدی نے ناقابل شکست 104 رنز بنائے۔ راولپنڈی کے اعظم نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ میزبان راولپنڈی ٹیم کو جیت کےلیے 62 رنز کا ہدف ملا جو اس نے دو وکٹوں پر پورا کر لیا۔ نوید ملک نے 32 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔سیالکوٹ میں سیالکوٹ اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم ملتان میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان کی ٹیم نے کوئٹہ کو اننگز اور 6 رنز سے ہرا دیا۔ میچ کے چوتھے روز کوئٹہ کی ٹیم نے فالوآن کے بعد دوسری اننگز 157 رنز 7 کھلاڑی سے دوبار۔ شروع کی اور پوری ٹیم 173 پر ڈھیر ہو گئی۔ ملتان کی ٹیم نے پہلی اننگز کی برتری کی بنا پر میچ میں اننگز اور 6 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔ ڈائمنڈ کلب گراونڈ اسلام آباد میں کراچی وائٹس اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔