اسلام آباد (آن لائن) وزارت پانی و بجلی توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ایران‘ تاجکستان‘ کرغیزستان اور بھارت سے بجلی درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایران سے بجلی درآمد کی جارہی ہے۔ بلوچستان کے سرحدی علاقوں کیلئے کل 74 میگاواٹ بجلی درآمد کی جارہی ہے۔ ورلڈ بینک کی سرپرستی میں کاسا 2000ء کے نام سے ایک منصوبے کے ذریعے تاجکستان اور کرغیزستان سے ایک ہزار سے 1300 میگاواٹ بجلی کی درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بجلی کے ٹیرف پر ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارت سے 500 میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کے منصوبے زیرغور ہیں جبکہ وزارت پانی و بجلی نے ایم آر یو کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے جسے حتمی شکل دی جارہی ہے۔