پرویز مشرف کی کل بیرون ملک روانگی کا امکان

Nov 04, 2013

اسلام آباد (آئی این پی) پرویز مشرف  کے بیرون ملک جانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ آخری مقدمے میں  آج ضمانت منظور ہونے  کی صورت میں  منگل کو ملک سے روانگی کا امکان ہے، سینٹ میں پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے حوالے سے بحث حکومت و اپوزیشن کے مابین بے معنی تنازع کی نذر ہوگئی۔ ایک سابق وفاقی وزیر  نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر  ’’ آئی این پی‘‘ کو بتایا کہ  مشرف کے ملک سے جانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر کی غازی عبدالرشید قتل کیس میں درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نے فیصلہ 4 نومبر کیلئے محفوظ کرلیا تھا جو کہ ذرائع کے مطابق آج ان  کے حق میں متوقع ہے۔  خصوصی طیارے کے ذریعے سابق آمر کی ملک سے روانگی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اے پی اے  کے مطابق لال مسجد  کے نائب  خطیب  علامہ عبدالرشید غازی  کے قتل کے مقدمے میں پرویز مشرف  کا ٹرائل ہائیکورٹ  میں کرنے کے لئے دائر  شہدا فائونڈیشن  آف  پاکستان  کی پٹیشن کی سماعت کل منگل  کو  ہو گی۔  اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق  قریشی پٹیشن کی سماعت کریں گے۔

مزیدخبریں