نئی دلی (اے این این) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے متعلق کوئی دوسرے خیالات نہیں رکھتا، خلوص نیت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں،پڑوسی ملک دوستی کا خواہشمند ہے تو الزامات کی بجائے تنازعات کا حل تلاش کرے،مذاکرات کی بحالی کے لئے ماحول کو سازگار بنایا جائے،ہم زمینی صورتحال کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستانی فوج بھارت میں ہونے والی دراندازی میں کسی صورت ملوث نہیں ہے بلکہ پاکستانی فوج کی جانب سے ساری صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ہمیں الزام تراشیوں سے گریز کرتے ہوئے دوطرفہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھا کر اعتماد کی فضا بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ سلمان بشیر نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کی بحالی کیلئے ماحول کو سازگار بنائے اور بے بنیاد الزامات سے گریز کرے۔ انھوں نے کہا کہ پا کستانی افواج نے بھارتی افواج کی جانب سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ پر صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان خلوص نیت اور صاف آگاہی کے ساتھ بھارت کے ساتھ وسیع بنیادوں پر مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات حل کرنے کا خواہشمند ہے۔ ان کاکہنا تھا یہ ہماری خواہش ہے کہ لائن آف کنٹرول پر امن کی صورتحال قائم کی جائے اور اگر دونوں ملکوں میں اس بات کی خواہش پائی جاتی ہے کہ دوستی کو مضبوط کیاجائے تو بہتر یہ ہے کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی بجائے اس کاحل ڈھونڈا جائے۔ بہتر تعلقات پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، ہم زمینی صورتحال کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کی خواہش بھی یہی ہے کہ دوستی بڑھے اور دشمنی کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کا مرکز جموں و کشمیر ، امن و سکیورٹی اور دوستانہ دوروںکا فروغ ہوگا ۔