کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری کی زیر صدارت بلاول ہائوس کراچی میں پی پی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔ پی پی کے رہنما رضاربانی نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملک میں مہنگائی، بلدیاتی الیکشن اور سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ مرکزی مجلس عا ملہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات پر بات ہوئی پارٹی رہنمائوں کو بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاری کی ہدایت کر دی گئی بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونا چاہئیں انسداد دہشت گردی، تحفظ پاکستان آرڈیننس سے متعلق حکومت سے بات کریں گے۔ پی پی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے مہنگائی کے حوالے سے تجاویز دینے کو تیار ہیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے آئندہ چند روز میں پارٹی کے شریک چیئرمین تنظیم نو سے متعلق اہم فیصلے کریں گے ہم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے راہ فرار اختیار نہیں کریں گے۔ مزید برآں سابق صدر آصف زرداری سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلی گلگت بلتستان مہدی شاہ بھی موجود تھے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، حکیم اللہ محسود کی ہلاکت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر آصف زرداری نے کہا حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا ہے بال اب نوازشریف کے کورٹ میں ہے مستحکم پاکستان کے لئے حکومت کے ہر اچھے اقدام کی حمایت کریں گے۔