کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے سرگرم حمایتی رہنے والے آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق رہنما بیرسٹر محمدعلی سیف نے ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ نائن زیرو پر فاروق ستار کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انہوں نے الطاف حسین کے نظرئیے کا تجزیہ کرنے کے بعد متحدہ میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ الطاف کی قیادت میں ملک کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔ ایم کیو ایم میں کوئی موروثی اور جاگیر دار سیاستدان نہیں، ایم کیو ایم کوئی روایتی سیاسی جماعت نہیں بلکہ متوسط طبقے کی جماعت ہے اور میرے لئے ایم کیو ایم سے بہتر کوئی بھی سیاسی پلیٹ فارم نہیں تھا۔ اس موقع پر فاروق ستار نے کہا بیرسٹر سیف ہمیشہ سے الطاف حسین سے رابطے میں رہے، بیرسٹر سیف اور ایم کیو ایم کا نظریہ ایک ہی ہے۔