سرینگر(اے این این)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دہلی سے جاری اپنے ایک بیان میںحریت پسندوں کے گھروں میں پولیس اوربھارتی سکیورٹی فورسز کے بلا جواز چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حربے اختیار کرنے سے جدوجہدآزادی کرنے والے قائدین یا کشمیری عوام کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ، کیونکہ یزیدیت اور حسینیت کی کشمکش ہر دور کی زندہ حقیقت ہے اور حسینیت ہردور میں سرخرو ہوکر ابھرے گی۔ ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں 47ء سے لے کر آج تک ہونے والے سارے نام نہاد انتخابات فوجی آپریشن تھے ، سانسوں پر پہرے بٹھا کر زبانوں پر تالے چڑھا کر پوری وادی کو فوجی محاصرے میں یرغمال کرکے ان نام نہاد انتخابات کا کوئی جواز نہیں اورکشمیری ان انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام بھارت اور اس کی کٹھ پُتلی انتظامیہ کو خوب پہچان چکے ہیں۔ الیکشن کا ایک اور تباہ کن سیلاب کشمیری عوام پر مسلط کردیا گیا اور ریلیف دینے والے لوگوں کو جیلوں اور تھانوں میں بندکرکے سیلاب زدگان کے مصائب اور مشکلات میں از حد اضافہ کردیا گیا۔ امن قائم کرنے کی آڑ میں لوگوں کی مدد کرنے والوں یا خود مصائب میں مبتلا ہونے والوں کو گرفتار کرنا انسانیت کی تذلیل ہے۔