لاہور (نامہ نگار) کویت میں مقیم راولپنڈی کا رہائشی نوبیاہتا جوڑا بھی واہگہ بارڈر پر خود کش دھماکے میں جاں بحق ہو گیا، نوبیاہتا جوڑا الیاس اور اس کی بیوی ارم کویت سے ہنی مون منانے کے لئے لاہور آئے تھے۔ متوفی الیاس 10سال سے کویت میں مقیم اور لیدر کا کاروبار کرتا تھا اور اسکی بیوی ارم ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں مینجر تھی۔ 15اکتوبر کو الیاس اور ارم کی کویت کے ایک ہوٹل میں شادی ہوئی اور وہ نیا نویلا جوڑا ہنی مون منانے اور رشتے داروں کو ملنے کے لئے لاہور پہنچا، لاہور میں الیاس نے قریبی دوست جمیل کے گھر قیام کیا۔ وقوعہ کے روز دونوں میاں بیوی دوست کی گاڑی لیکر واہگہ بارڈر چلے گئے اور خودکش دھماکہ کا نشانہ بن گئے بعد ازاں ان کے گھر والوں کو اطلاع دی گئی جو راولپنڈی سرسید سیکٹر تھری میں رہائش پذیر ہیں۔