لاہور (میاں علی افضل سے ) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے احکامات پر چیئرمین لاہور بورڈ نے نقل میں امیدواروں کی معاونت کرنے اور فرائض میں غفلت پر500 امتحانی عملہ کو بلیک لسٹ قرار دیدیا ہے۔ بلیک لسٹ قرار دئیے جانے والے ملازمین کو آئندہ کسی امتحانی ڈیوٹی پر تعینات نہیں کیا جا سکے گا۔ ان اساتذہ کو امتحانی فرائض کے حوالے سے نااہل قرار دیا گیا ہے جبکہ سنگین ٖغفلت کا مظاہرہ کرنیوالے اساتذہ کیخلاف مزید کارروائی کیلئے محکمہ تعلیم کو انکوائریاں بھجوا دی گئی ہیں۔ ان اساتذہ کو بلیک لسٹ کرنے کے حوالے سے چیئرمین نصراللہ ورک کی جانب سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی تھی جسے فوری منظور کر لیا گیا۔ اس پابندی کا مقصد امتحانوں میں بوٹی مافیا کا خاتمہ ہے۔ اس سلسلے میں سال 2012ء میں میٹرک سالانہ امتحان میں فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنیوالے19امتحانی عملہ کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان2012ء میں 7 اساتذہ فرائض میں غفلت کے مرتکب ہوئے، انٹرمیڈیٹ ضمنی امتحان میں 7 اساتذہ نے فرائض میں غفلت برتی، میٹرک امتحان 2013ء میں 12اساتذہ نے فرائض میں غفلت کی، انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2014ء میں 4 اساتذہ غفلت کے مرتکب پائے گئے، میٹرک ضمنی امتحان 2013ء میں 4 اساتذہ نے امتحانی ڈیوٹی کے دوران فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کیا، انٹر ضمنی امتحان 2013ء میں 1 ٹیچر جبکہ میٹرک سالانہ امتحان 2014ء میں 3 اور انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2014ء میں 3 اساتذہ نے فرائض میں غفلت کی۔ علاوہ ازیں ماضی میں بھی امتحانی ڈیوٹی میں غفلت کرنیوالے سینکڑوں اساتذہ کو آئندہ امتحانی ڈیوٹی پر تعینات نہ کرنے کے حوالے سے سمری بھجوائی گئی جس کی منظور ی کے بعد ان پر پابندی لگا دی گئی ہے جس کا مقصد بوٹی مافیا کا خاتمہ ہے۔