مودی نہ بھولیں پوری قوم پاکستانی افواج کے ساتھ ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سانحہ واہگہ پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے، اندرونی سکیورٹی کو درپیش سنگین خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے چاروں صوبوں میں پولیس فورس کو جدید خطوط پر منظم کرنے اور انہیں ہر قسم کے سازو سامان اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ضرورت ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی یہ نہ بھولیں پاک سرزمین کے دفاع کے لئے پوری قوم مسلح افواج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، بھارت کو یہ جان لینا چاہئے کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دئیے بغیر بات نہیں بنے گی، بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو پاکستان سے محبت کی پاداش میں سزائے موت جیسی سنگین سزائیں دی جارہی ہیں۔ اس لئے اسے بنگلہ دیش کا اندرونی معاملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ حکومت پاکستان جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنمائوں کو غیرانسانی ظالمانہ اور غیرمنصفانہ سزائیں رکوانے کے لئے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرے۔ شیعہ اور سنی علمائے کرام اور ذاکرین اسلام کے دشمنوں کی سازشوں کو سمجھیں جو ہمیں فرقوں کی بنیاد پر باہم متصادم کرکے مسلمانوں کی قوت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت یونین کونسل منڈہ، خزانہ اور میاں کلی میں عوامی اجتماعات سے خطاب میں کیا۔ دوسری جانب سراج الحق نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو ٹیلی فون پر متوجہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش حکومت اسلام پسند راہنمائوں کو سزائیں بھارت کے ایماء پر دے رہی ہے۔ پاکستان کو فوری طور پر عالمی اداروں سے رابطہ کرکے اس ظلم کو رکوانے کا فوری بندوبست کرنا چاہئے۔ چودھری نثار نے سراج الحق کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مسئلہ پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...