گورونانک کا جنم دن، ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے

Nov 04, 2014

ننکانہ صاحب + لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) بابا گورونانک کے 546ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے کیلئے اندرون پاکستان سے3ہزار سے زائد ہندو اور سکھ یاتری چار سپیشل ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گئے جبکہ امریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، دوبئی، ملائشیا، سنگاپور اور پورپ ممالک سے بھی سینکڑوں سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ شروع ہے بھارت سے تین ہزار سے زائد سکھ یاتری سپیشل ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر کے راستے آج ننکانہ صاحب پہنچ جائیں گے۔ دریں ا ثناء واہگہ بارڈر پر ہونیوالے خودکش حملے کے بعد بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر حکومت نے سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے لئے پولیس اور ایلیٹ فورس کے سپیشل دستے تعینات کر دئیے گئے ہیں جبکہ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سمیت دیگر سات گورودواروں میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں سکھوں اور ہندئوں نے اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی شروع کر رکھی ہے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی طرف سے سخت چیکنگ کی جارہی ہے علاوہ ازیں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے بنک بوتھ، ڈاکخانہ، پبلک کال آفس، یوٹیلٹی سٹورودیگر بوتھ قائم کردئیے گئے ہیں، ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ نے ننکانہ صاحب کی سکیورٹی کو انتہائی حساس قرار دے رکھا ہے۔ 6 نومبر کو مرکزی تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف مہمان خصوصی ہونگے۔ یہ بات لیگی رہنما صدیق الفاروق نے متروکہ وقف سٹاف کالونی کے دورے کے موقع پر بتائی۔

مزیدخبریں