لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی پی کسی کو بھی آئین کو پامال نہیں کرنے دے گی۔ پی پی نے ہی ملک کو متفقہ آئین دیا۔ بلاول کی شکل میں صرف پی پی کے پاس اصل نوجوان قیادت موجود ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستان فیوچر لیڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان 60 سال سے زائد عمر کے ہیں، ہمارے دور حکومت میں جمہوری ادارے ایک پیج پر آئے اور مستحکم ہوئے، اصلاحات ہوئیں جس سے پاکستان آگے بڑھا۔ 1973ء کے آئین کی بحالی نے وفاق کو مضبوط کیا۔ جمہوریت اور آئین کیلئے پی پی نے بے شمار قربانیاں دیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم نے کسی ڈکٹیٹر کو نہ پہلے کبھی تسلیم کیا ہے اور نہ آئندہ کریں گے، میرے باپ نے اسی جمہوریت پسندی کے جرم میں 20 سال سے زیادہ قید پاکستانی جیلوں میں گزاریں، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہم پاکستان میں آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور اس کے لئے ہمارے کارکنوں نے قربانیاں دیںہیں، ہم پاکستان کی سول سوسائٹی، جوڈیشری اور پارلیمنٹ کو پہلی مرتبہ مضبوط دیکھ رہے ہیں۔ہم ہر اس قوت کے ساتھ ہیں جو پارلیمنٹ، آئین اور جمہوریت کے ساتھ ہیں۔