لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر سابق اور موجودہ ٹیسٹ کرکٹرز انتہائی خوش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی کھلاڑی بلند مورال کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ سابق فاسٹ باولر محسن کمال اور وکٹ کیپر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا نے جس طرح ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ٹیسٹ میچز میں بھی اس کا پلڑا بھاری رہے گا تاہم ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں یونس خان اور مصباح الحق نے ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ٹیم کسی بھی حالات میں کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز کے مقابلے میں ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی حکمت عملی مختلف نکلی۔ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 95 فیصد کھیل پر پاکستان ٹیم چھائی رہی۔ جیت کا کریڈٹ کسی ایک کھلاڑی کو نہیں بلکہ بلے بازوں اور باولرز دونوں کو جاتا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی کامیابی پر سوشل میڈیا پر سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے کھلاڑیوں اور کپتان مصباح الحق کے نام مبارکباد کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔ ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے۔ دعاگو ہوں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی قومی ٹیم کامیاب وکامران ہو۔ سابق آف سپن باﺅلر ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف یادگار کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جس میں قومی کھلاڑیوں خاص طور پر کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی ہیں۔ پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ سوشل میڈیا پر ایک کرکٹ لور کا کپتان مصباح الحق کے بارے میں کہنا تھا کہ مصباح ون ڈے میں سست ترین جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ویمن ٹیم کی کپتان ثناءمیر کا سوشل میڈیا پر کہنا تھا کہ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار پرفارمنس دی ہے جس پر کپتان سمیت تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود نے مصباح الحق کی ریکارڈ ساز اننگز پر ان سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اچھے کھیل کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مصباح کو ون ڈے میں اپنا بیٹنگ نمبر تبدیل کرنا چاہیے۔