کابل (این این آئی) افغانستان میں طالبان نے ایک خاتون کو سنگسار کر دیا ہے۔ اس خاتون پر الزام لگایا گیا تھا وہ اپنی مرضی کے خلاف شادی کے بعد فرار ہو رہی تھی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس خاتون کو اس طرح سزائے موت دیئے جانے کی ایک وجہ پریشان کن ویڈیو افغان میڈیا پر دکھائی گئی ہے۔ اس ویڈیو کی طوالت قریب 30 سیکنڈ ہے۔ خاتون کی عمر بظاہر 19 اور 21 برس کے درمیان تھی۔ اس خاتون کو جس کا نام رخسانہ بتایا گیا ہے، ایک گڑھا کھود کر اس میں گاڑھ دیا گیا تھا اور لوگوں کو اس کو پتھر مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون کو پتھر مارتے رہے اور اس خاتون کی طرف سے کلمہ پڑھنے کی آواز مسلسل بلند ہوتی رہی۔ صوبے غور کی خاتون گورنر سیما جوئندہ نے بتایا رخسانہ کو اس طرح سنگسار کرنے کا واقعہ قریب ایک ہفتہ قبل غلمین میں پیش آیا۔ رخسانہ کو طالبان، مقامی مذہبی رہنماؤں اور غیر ذمہ دار مسلح وار لارڈز نے سنگسار کیا۔ حکام کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق رخسانہ کے خاندان نے اس کی شادی اس کی مرضی کے خلاف کر دی تھی اور وہ ایک ایسے نوجوان مرد کے ہمراہ فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھی، جو اس کا ہم عمر تھا۔ سیما جوئندہ نے مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ طالبان کو غور سے نکالنے کیلئے مسلح آپریشن کرے۔