اسلام آباد (بی بی سی+ این این آئی) سینٹ کو سینیٹر کلثوم پروین کے سوال پر تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی مسلح افواج نے گذشتہ دو سال کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی 997 مرتبہ خلاف ورزی کی۔ ان خلاف ورزیوں کے دوران 70 افراد شہید ہوئے جن میں فوجی اور عام شہری دونوں شامل ہیں۔ وزارتِ دفاع کی جانب سے جمع کرائے تحریری جواب میں کہا گیا بھارتی مسلح افواج کی جانب سے رواں سال کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 34 افراد شہید ہوئے جن میں 33 عام شہری شامل ہیں۔ تحریری جواب میں یہ بھی کہا گیا 2013ء کے دوران بھارتی افواج کی ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول کی 464 مرتبہ خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد شہید ہوئے، جن میں دس فوجی بھی شامل ہیں۔ بھارتی افواج نے رواں سال کے دوران 218 مرتبہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی۔ ایوان کو بتایا گیا سنہ 2013ء میں بھارتی افواج نے باغ سیکٹر میں پاکستانی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیاگیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بتایا آپریشن ضربِ عضب میں شمالی وزیرستان کا 89 فی صد حصہ جبکہ خیبر ایجنسی کا 87 فی صد حصہ صاف کرا لیا گیا ہے۔ وزیرِ دفاع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف اس لڑائی میں پاکستانی افواج کے 350 سے زائد اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ اے این این کے مطابق وزارت دفاع نے بتایا جنوری 2013ء میں بھارت نے پاکستانی پوسٹ پر براہ راست حملہ کیا۔ این این آئی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا دہشتگردی کی آماجگاہوں اور مالی مدد کرنے والوں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا، آپریشن ضرب عضب کثیر المقاصد ہے اس کا مقصد مجموعی طور پر دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنا ہے لہٰذا ملک میں کہیں بھی بشمول فاٹا میں دہشتگردی کی آماجگاہوں اور ان کی مالی امداد کرنے والوں کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
2 برسوں میں بھارت کی997 سرحدی خلاف ورزیاں،2013 ء میں چوکی پر براہ راست حملہ کیا: وزارت دفاع
Nov 04, 2015