وارانسی (بی بی سی) بھارتی وزیر اعظم اور بی جے پی کے رہنما نریندر مودی کے پارلیمانی حلقے بنارس وارانسی میں پنچایت یا میونسپل کی سطح کے انتخابات میں بی جے پی کو شدید شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وارانسی (بنارس) میں ضلع پنچایت کی 48 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کے 47 نامزد امیدواروں میں سے صرف آٹھ ہی کامیاب ہو سکے ہیں۔ وارانسی سے صحافی روشن کمار نے بی بی سی کو بتایا کہ ’حیرت انگیز بات تو یہ رہی کہ مودی نے جس گاؤں کو ترقی دینے کے لیے گود لیا تھا وہاں بھی بی جے پی کی حمایت والے امید وار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جیا پور گاؤں میں بی جے پی کی جانب سے میدان میں اترنے والے ضلع پنچایت رکن کے امیدوار ارون سنگھ عرف رنکو دوسری اہم جماعت بی ایس پی کے حمایت شدہ امیدوار گڈو تیواری سے ہار گئے۔ بی بی سی سے بات چیت میں بی جے پی کے وارانسی ضلع کے صدر اور پنچایت انتخابات کی کمان سنبھالنے والے ناگیندر ناگ ونشی نے وارانسی کے نتائج کو برا نہیں بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ’بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتخابی نشان کمل اور امیدواروں کے اپنے مختلف انتخابی نشان کو وہ دیہات کے لوگوں تک صحیح طریقے سے پروجیکٹ نہیں کر سکے۔ صرف مودی ہی نہیں بلکہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے علاقے لکھنؤ میں بھی پارٹی کو بری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہاں سے 28 امیدواروں میں سے محض چار کو ہی جیت نصیب ہو سکی۔ دوسری جانب ریاست آندھرا پردیش کے حیدرآباد سے منتخب پارلیمان اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد مسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اعظم گڑھ کے وارڈ نمبر 32 ضلع پنچایت علاقے سے کیلاش گوتم کامیاب رہے۔ کیلاش گوتم نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار پھول چند کو 543 ووٹوں سے شکست دی۔ ریاست میں برسراقتدار سماج وادی پارٹی کے کئی رہنماؤں کے بہت سے رشتہ داروں کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کانگریس رہنما راہول گاندھی کے علاقے امیٹھی میں کانگریس کے تمام آٹھ امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔