لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اورہمیں ملکر اسے سنوارنا ہے ۔چاروں صوبے ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں ۔بلوچستان کے طلبا و طالبات کے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کوٹے میں اضافے کیلئے بھی حاضر ہیں اور اس ضمن میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک سے بات کر کے اقدامات کریںگے۔ بلوچستان کے طلباء و طالبات کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اپنی ٹیم جلد بلوچستان بھجواؤں گا۔پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگرامز میں بلوچستان ،خیبر،سندھ،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا ہے ۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔نعروں اور تقریروں کا وقت گزر چکا ہے‘ اب صرف عمل اور عمل کرنا ہوگا۔ سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہئے۔ قومی ایجنڈے پر ایک ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کی طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کی 40 طالبات اور2ٹیچرز کو لیپ ٹاپ دیئے۔وزیراعلیٰ نے طالبات کے مطالبے پر خضدار میں سکول اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کا اعلان کیا۔ شہبازشریف نے طالبات سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ۔جدید علوم سے ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے اس لئے پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اوراپنے تعلیمی پروگراموں میں ملک کی تمام اکائیوں کو شامل کیا ہے ۔این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب حکومت نے اپنے حصے کے 11ارب روپے سالانہ بلوچستا ن کو دئیے اور 5 سالوں میں 55ارب روپے بلوچستان کو اپنے حصے کے دئیے ہیں۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں امراض قلب کا ہسپتال بھی بنایا جا رہا ہے جس کیلئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ملک و قوم کے قیمتی وقت اور وسائل کو بے مقصد ضائع کیا گیا ہے، تاہم اب اس کی تلافی کا وقت آ گیا ہے۔ ہمیں کسی صورت مایوس نہیں ہونا چاہیئے بلکہ ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ بلوچستان کی طالبات کے پنجاب کے دورے سے صوبائی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگااور اس طرح کے دورے تسلسل کے ساتھ جار ی رہنے چاہئیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے ،دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔پاکستان کو دہشت گردی و انتہا پسندی کے ساتھ توانائی بحران جسے بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہے۔50ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کیخلاف جنگ میںاپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہوچکی ہے ۔قوم کے بچوں کا خون بہانے والوں کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہو گی۔پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال اور باصلاحیت افرادی قوت پر مشتمل ملک ہے ۔ اس کے باوجود بدقسمتی سے 68برس کے دوران پاکستان ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکا ۔لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رہا، احتساب کے نام پر مذاق کیاگیا۔تعلیم اور صحت کے شعبوں پر پوری توجہ نہیں دی گئی ۔ اشرافیہ کی چوکھٹ پر آج بھی ہر نعمت سلام کرتی ہے جبکہ عام آدمی تعلیم صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ اشرافیہ نے 68برس کے دوران اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں۔محنت ،دیانت اورامانت پر چل کر پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ بہت قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہوچکے تاہم پاکستانی قوم جاندارہے،مجھے یقین ہم سب ملکر جتنی محنت کریں گے اتنی ہی جلد منزل پا لیں گے۔نعروں اورتقریروں کا وقت گزچکا ہے اب صرف عمل اور عمل کرنا ہوگا۔ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے ۔سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہیئے۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم عادلانہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے ۔محنت ،امانت اوردیانت ہی ہماری بقا ء کا راستہ ہے ۔پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔پاکستان کے ایجنڈے کے تحفظ کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ، توانائی کے منصوبوں کی تکمیل اور معاشی و سماجی انصاف ایک ایسا قومی ایجنڈا ہے جسے اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ قوم کو اپنے باصلاحیت بیٹے اوربیٹیوں پر فخر ہے ۔مجھے یقین ہے کہ ایک مضبوط،مستحکم، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب ضرو ر پور ا ہوگا۔طالبات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں بہت زیادہ محبت دی ہے اور ہم ان کے شکرگزار ہیں۔شہبازشریف حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں اور ہم نے پنجاب آکر ترقی کے سفر کا عملی مشاہدہ کیا ہے ۔ مزید براں شہباز شریف سے گزشتہ روز کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی ، پاک افواج کے پیشہ ورانہ امور اور صوبہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کے افسروں اور جوانوں نے بہادری اور جرأت کی نئی داستانیں رقم کی ہیں اور پوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیو ںپر فخر ہے اور شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے گئے موثر اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ مزیدبراں شہبازشریف نے ٹریفک حادثے میں ایک ٹی وی چینل کے رپورٹر علی رضا کھرل کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہئے، نعروں، تقریروں کا وقت گزر چکا: شہبازشریف
Nov 04, 2015