اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین کو منگل کے روز فلپائن، بیلجیئم، ہالینڈ، ازبکستان، مصر، یورپی یونین، ناروے، پولینڈ، اٹلی، قبرص، سربیا اور پیرو کے نامزد سفیروں اور ہائی کمشنرز نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس سلسلے میں ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دنیا کے تمام ممالک خاص طور پر ہمسایہ ممالک سے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی فروغ پا سکے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع دستیاب ہیں ہم چاہتے ہیں کہ دوست ممالک ان سے فائدہ اٹھائیں اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی بہترین سرمایہ کار پالیسیوں سے استفادہ کریں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اس کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے سفیروں کو ان کے تقرر پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان میں ان کا قیام مفید ثابت ہو گا۔ صدر مملکت کو اسناد سفارت پیش کرنے والوں میں فلپائن کے ہائی کمشنر فریڈرک آرسپیریٹو، بیلیجیئم کے سفیر جینیٹوورہے ڈین، ہالینڈ کی سفیر جینیٹی سیپن، ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوف، مصر کے سفیر شریف محمد کمال الدین شاہین، یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کاٹین، ناروے کے سفیر توری نیدروا، پولینڈ کے سفیر پیوٹر اوپالنسکی، اٹلی کے سفیر سٹفینو پونٹکورو، قبرص (تہران میں مقیم) کے ہائی کمشنر اندریازپی کوزوپس، سربیا (بیجنگ میں مقیم) کے سفیر میلائن بیسوک اور پیرو (بیجنگ میں مقیم) جوئن کیرئس کوپونے شامل تھے۔علاوہ ازیں صدر ممنون حسین نے ترک وزیراعظم احمد دائود اوگلو کو فون کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اے کے پارٹی کی جیت سے ترکی میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔ ترک وزیراعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعکلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
پاکستان خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک سے برادرانہ تعلقات بڑھانا چاہتا ہے: صدر ممنون
Nov 04, 2015