کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زوردیا ہے کہ خیرپور کے علاقے درازہ شریف میں بلدیاتی انتخابات کے ووٹنگ کے دن پیش آنے والے واقعے کی غیرجانبدار انکوائری کرائی جائے اور ملوث ملزمان کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سزا دی جائے، بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار بلاول ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو درازہ شریف میں پیش آنے والے واقعے پر بریفنگ دی اور پہلے مرحلے میں سندھ کے 8اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے بھی آگاہ کیا، سینیٹر شیری رحمان بھی اس موقع پر موجود تھیں، وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا کہ درازہ شریف یوسی پر آزاد امیدوار اور ان کے مخالفین کی جانب سے امیدوارکھڑے کیے گئے تھے، وہاں پیپلزپارٹی نے اپنا کوئی بھی امیدوار نامزد نہیں کیا تھا، انہوں نے بتایا کہ درازہ واقعے کی غیرجانبدار اور سینئر پولیس افسروں کی جانب سے انکوائری شروع کی گئی ہے اور اس حوالے سے عدالتی انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگلے مراحل کے بلدیاتی انتخابات کے دوران اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے۔ دریں اثناء پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن نے بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، آسٹریلوی نائب وزیر میتھیو موٹیل بھی ان کے ہمراہ تھے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آسٹریلوی سفارتکار نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے میں بدامنی کے واقعات روکیں، بلاول کی قائم علی شاہ کو ہدایت
Nov 04, 2015