وزیرآباد + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پولیس تھانہ احمد نگر نے یونین کونسل کلاسیکے میں تین روز قبل چیئرمین کی سیٹ کے دومخالف امیدواروں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں تحریک انصاف کے امیدوار کے والد ایم پی اے چودھری ناصر چیمہ کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں تفتیش کیلئے تھانے بلا کر گرفتار کر لیا۔ کلاسیکے یونین کونسل میں پی ٹی آئی کے امیدوار چیئرمین جمال ناصرچیمہ اور (ن) لیگی رہنمائوں کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار چیئرمین احسان اﷲکے درمیان تین روز قبل ہونے والے جھگڑے میں مبینہ فائرنگ کے نتیجہ میں احسان اﷲ اور6 ساتھی زخمی ہوگئے تھے۔تھانہ احمد نگر میں پی ٹی آئی کے500 سے زائد افرادکیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جن میں 23 افراد کو نامزد کیا گیا۔ گزشتہ رات لیگی رہنمائوں کے اثر ورسوخ پر اسی واقعہ پر ایک مزید مقدمہ درج کرکے پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی چودھری ناصر چیمہ کو گرفتار کرا دیا گیا۔ ناصر چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے سیاسی انتقام کی انتہا کر دی ہے لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ پولیس نے تفتیش کیلئے تھانے بلوا کر حراست میں لیا جبکہ ہمارے زخمی کارکنوں کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ دوسری طرف پولیس احمد نگر نے تحریک انصاف کے ایم پی اے ناصر چیمہ کو سول مجسٹریٹ فیاض الرحمان کی عدالت میں پیش کیا جہاں پر انہیں چودہ روز کے لئے جوڈیشل کر دیا گیا تاہم بعدازاں سول جج وسیم چٹھہ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت پر رہا کر دیا۔ اس موقع پر کورٹ میں سابق وفاقی وزیر امتیاز صفدر وڑائچ ،سابق صوبائی وزیر شاہنواز چیمہ،چوہدری مستنصر ساہی ،سابق ایم پی اے ارقم خان سمیت متعدد رہنما بھی موجود تھے۔ضمانت نہ ہونے پر حالات کشیدہ ہو گئے تو پورے سرکل سے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔