نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کا ذکر کرنے پر انتہا پسند ہندو رہنما اداکار شاہ رخ خان کے پیچھے پڑ گئے اور انہیں ’’ملک دشمن‘‘ اور ’’پاکستانی ایجنٹ‘‘ قرار دیدیا۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے سیکرٹری جنرل کیلاش وجے ورگ نے شاہ رخ خان کودیش دروہی یعنی ملک دشمن اور غدار قرار دے دیا ہے۔ ٹوئٹر پیغامات میں انہوں نے کہا شاہ رخ خان رہتے انڈیا میں ہیں مگر ذہنی طورپروہ پاکستان میں ہیں،،ان کی فلمیں انڈیا سے کروڑوں روپے کماتی ہیں مگر انہیں بھارتی قوم میں ہی برداشت کی کمی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا یہ ملک دشمنی نہیں تواورکیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں مستقل رکن بننے کی کوشش کر رہا ہے تو پاکستان سمیت اسکے حامی بھارت کی ان کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ بھارتی قوم کو عدم برداشت کا طعنہ دینے والے پاکستان اوردوسری بھارت مخالف قوتوں کا راگ الاپ رہے ہیں،،کیلاش وجے ورگ کا کہنا ہے کہ جب 1993میں ممبئی میں دھماکے ہوئے اس وقت شاہ رخ خان کہاں تھے جب 26/11کوممبئی پرحملہ ہوا اس وقت شاہ رخ خان کہاں تھے؟دریں اثنا وشواہندوپریشد کی فسادی رہنما سادھوی پراچی نے شاہ رخ خان کو پاکستانی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے واپس پشاور بھجوانے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شاہ رخ پاکستانیوں کے ذہن اور خیالات کی نمائندگی کرتے ہیں۔