اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت +آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) امپائر کے دروازے پر کھڑی ہے ، عدالتوں سے بڑا کوئی امپائر نہیں ہے اگر کوئی ہے تو وہ دو نمبر ہو گا ،عدالت نے سوموار تک مہلت دی ہے ، ون مین کمشن ہو گا جو جلد ازجلد فیصلہ سنائے گا۔ حکومت چاہتی ہے کہ ملک ہیجانی کفیت سے جتنی جلدی نکل جائے بہتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق و دیگر کے ہمراہ عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع نے کہاکہ عدالت نے ہمیں سوموار تک مہلت دی ہے اور فریقین کو عندیہ دیا ہے کہ ون مین کمشن ہو گا اور کمشن تحقیقات کرکے جلد ازجلد فیصلہ سنائے گا جو بڑی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ہیجان کی کیفیت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ جتنی جلدی ہو سکے ملک اس ہیجانی کیفیت سے باہر نکل جائے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت کے سامنے ہم نے خود کو مکمل طور پر پیش کردیا اور ہمیں عدالت پر مکمل اعتماد بھی ہے ، اس لئے تمام فریقین کو بھی عدالت پر اعتماد کرنا چاہیے۔ سڑکوں پر آنے ، انتشار پھیلانے ، جلسے کرنے اور جلسوں میں گالیاں دینے کی بجائے ہمیں فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔ انہوں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔ پہلے بھی ہم نے عدالتوں کا احترام کیا اور عدلیہ کی بحالی کی تاریخ میں جان ہتھیلی پر رکھ کر لانگ مارچ کیا اور ہماری چار سالہ روایات اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم عدالتوں کا احترام کریں جو حکم ملا اس کی تعمیل کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ احتجاج اور دھرنوں میں ربڑ کی گولیاں چلتی ہیں، امریکہ جیسی بڑی جمہوریت میں بھی احتجاج کے دوران ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال ہوتا ہے مگر پی ٹی آئی کے دھرنے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور اللہ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم امپائر کے دروازے پر کھڑے ہیں۔ عدالتوں سے بڑا کوئی امپائر نہیں ہوسکتا اگر کوئی ہے تو وہ دو نمبر ہو گا۔ ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے اور اب انصاف کا دروازہ کھلے گا۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین کو شور مچاتے تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزر گیا لیکن حکومت کو کچھ نہیں ہوا، نہ ہی کچھ ہوگا۔ جو مرضی کرلیں حکومت مدت پوری کرے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ساڑھے تین سال ہوگئے حکومت کہیں نہیں گئی نہ کہیں جارہی ہے، عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔شاہ محمود قریشی کے بیان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ قبروں کی کمائی نہیں کھاتی، گھر میں پش اپس لگانے والے نہیں بلکہ آگے بڑھ کر ڈنڈے کھانے والے ہی لیڈر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں بھارت کیخلاف بطور وزیر دفاع بیانات دیتا رہتا ہوں لیکن کسی کی فرمائش پر نہیں بول سکتا۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے یہ سب کو پتہ ہے میں اس پر کوئی نمبر نہیں بڑھاناچاہتا۔انہوں نے الٹا صحافیوں سے سوال کیا کہ وہی بتائیں پریڈ گراونڈ کے جلسے میں کتنے لوگ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ خواجہ آصف عمران خان کے خوابوں میں آتے ہیں اور ان کو ”خواجہ فوبیا“ ہو گیا ہے، جہاں تک شاہ محمود قریشی کے مشورے کا تعلق ہے تو ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ پر میں بھی عمران خان کو ایک مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ خان صاحب سکون کریں، لوگوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے دیں، مقدمے کا آغاز ہو گیا ہے اب فیصلہ عدالتوں پر چھوڑ دیں، جلسے، دھرنے، دھمکیاں اور لانگ مارچ چلتے رہیں گے مگر دھمکیاں دے کر قومی اداروں پراثر انداز ہونے کی کوشش نہ کی جائے۔ عمران خان گالیاں نکالنے کی بجائے خیبر پی کے جائیں وہاں جاکر حکومت کا ہاتھ بٹائےں، ڈنڈے، دھرنے، دھمکیوں اور لانگ مارچ سے فیصلہ نہیں آئے گا بلکہ انتظار کریں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا دونومبر سے پہلے کی اور دو نومبر کی ویڈیو چلائے تو پتہ چل جائے گا کہ عمران خان دوغلے ہیں، انہیں آرام اور علاج کی ضرورت ہے، کچھ سکون کریں اور ٹھہراﺅ کریں بونگیاں نہ ماریں، یہاں ان کے تماشا کرنے سے جمہوریت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
خواجہ آصف