عوام نے دھرنا گروپ سے لا تعلق ہو کر مسترد شدہ عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے شہباز شریف

لاہور( این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی،جس میںباہمی دلچسپی کے امور اورملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی افراتفری پھیلانے سے نہیں بلکہ عوام کی خلوص نیت سے خدمت کرنے سے ملتی ہے - ملک کی ترقی،استحکام اور قومی مفادات کو ہر حال میں ذاتی مفادات پر ترجیح دینی چاہیے -عوام نے دھرنا گروپ سے لا تعلق ہو کر مسترد شدہ عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے -انہوںنے کہا کہ اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے -چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے -سی پیک پر تیزرفتاری سے عملدرآمد سے دوست خوش اور عوام کی ترقی کے مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے - منفی سیاست کے علمبردار پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے- ملک کے روشن مستقبل کی نوید سی پیک کو نقصان پہنچانا کسی طور پر عوام کی خیر خواہی نہیں - پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں اجتماعی سوچ کے ساتھ اسے آگے لیکر جانا ہے -انہوںنے کہا کہ مشترکہ بصیرت سے کئے جانیوالے اجتماعی فیصلوںکے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں-سیاسی و عسکری قیادت اور عوام نے ملکر دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے-انہوںنے کہا کہ معاشرے میں اخوت ،بھائی چارے ، تحمل اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے-پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی قوتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے-انہوںنے کہا کہ انتشار کی سیاست پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے زہر قاتل ہے- 2014ء کے بلا جواز دھرنوں سے قومی معیشت کو بڑا دھچکا لگاتھا-ذاتی مفادات کی خاطر قومی معیشت کو نقصان پہنچانا 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے- احتجاجی عناصر کے غیر جمہوری رویوں سے سی پیک کے منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہوئے- انہوںنے کہا کہ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ افراتفری کی سیاست کرنیوالے ملک میں اندھیروں کا راج چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور معاشی پالیسیوں کی بنا پر آج پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہو رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ توانائی سمیت مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کو سراہا اور پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن