راولپنڈی(نےوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ آرگنائزیشن راولپنڈی کے ڈویژنل صدر ملک نصراللہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کاوشوں کو تدبر اور دانش مندی سے ناکام بناکر خطہ پوٹھوہار کے ہونہار فرزند ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ثابت کردیا ہے کہ ملک میں بدامنی ، انتشار اور لاقانونیت پھیلانے والے نام نہاد عوامی لیڈر ان ملک کو کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد کا نشانہ نہیں بنا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران اپنی اور اپنے ورکروں کی توانائیاں ناکام جلسے اور جلوسوں میں ضائع کرچکے ہیں ۔ اب عوام ان کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئے گی۔ اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ انتشار کی سیاست چھوڑ کر ملکی تعمیر و ترقی میں موجودہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ پاکستانی عوام کو خوشحال مستقبل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔