مکرمی! آپ کے مؤقر روزنامہ کی وساطت سے سوئی گیس حکام کی توجہ اس جانب مبذول کراناچاہتے ہیں کہ مسلم کالونی بسطامی روڈ سمن آبادگلی نمبر35 میں سوئی گیس کی فراہمی میں مسلسل رکاوٹ آ رہی ہے۔ گلی نمبر 35 کے مکین سوئی گیس نہ آنے سے شدید پریشانی اور مشکل کا شکار ہیں۔ صبح سکول کے بچوں اور دفتر اور کام کاج پر جانے والوں کے لئے بڑی پریشانی ہے۔ اس مہنگائی کے دور میں گھر کا چولہا بڑی مشکل سے چل رہا ہے اور اس پر گیس کا نہ آنا مسائل کا انبار لگ جاتا ہے، دوپہر کا کھانا بنانا مشکل ہو جاتا ہے رات کو پھر پریشانی کا سامنا۔ بازار سے کتنی بار روٹیاں، نان اور چنے لانے کا ڈبل خرچہ۔ گیس نہ آنے کے باوجود بل ہر ماہ باقاعدگی سے ادا کرنا ہوتا ہے۔ گیس نہیںآتی۔ ہر کوئی گیس سلنڈر پکڑے ایل پی جی گیس لینے نکلا ہوتا ہے۔ سوئی گیس حکام مسئلہ حل کریں گیس کی فراہمی کا بندوبست کریں تاکہ گلی نمبر35 کے مکینوں کو بھی تھوڑا سا سکھ کا سانس آئے۔ (ملک شرافت، جمشید جوئیہ، حمزہ ملک، شعیب بٹ، ملک زبیر، شیخ بابر، تنویر خان، چودھری شاہد، بلال بٹ، متعدد خواتین ودیگر افرادکے دستخط)