اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں پر زور دیا ہے وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں خونریزی ختم کرنے میں موثر کردار ادا کریں ¾جموں و کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں سب سے دیرینہ تصفیہ طلب تنازعہ ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق معاون خصوصی نے جمعرات کو پاکستان میں تعینات او آئی سی ممالک کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی جسکے نتیجے میں گزشتہ 4 ماہ کے دوران اب تک 115بیگناہ کشمیری شہید اور 16000سے زائد زخمی ہو ئے ہیں۔ پیلٹ گن کے استعمال سے 160 کشمیری بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔طارق فاطمی نے کشمیر کے مسئلے پر او آئی سی کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ معاون خصوصی نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے نتیجے میں کشیدہ صورتحال کو بھی اجاگر کیا اور کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارتی حکومت دانستہ کشیدگی پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے سفیروں کو بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں اور دہشت گردوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے بارے میں بھی بریف کیا۔
طارق فاطمی