اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نیشنل منیجمنٹ کالج کا آٹھ رکنی وفد سنگا پور کا ایک ہفتہ کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گیا۔مختلف سروسز/ گروپس سے تعلق رکھنے والے سول سروس کے افسران نے اپنے قیام کے دوران سنگا پور کے اکیڈمک ،ایگزیکٹو،صحت،فنانس اور خارجہ امور سے متعلقہ سینیئر اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔سنگاپور کے ان شعبوں کے منیجرز نے مہمان پاکستانی وفد کو اپنے اپنے محکموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،سنگا پور کی طرف سے پاکستان ہائی کمشن کے انتظام کردہ باہمی روابط کے فروغ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور پاکستان کی ترقی اور ثقافت میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔یہ دورہ نیشنل منیجمنٹ کالج کے بیرونی سٹڈی پروگرام کا حصہ ہے۔پاکستانی وفد میں شفیق حسین بخاری،زینت احمد ،ارشد علی خان،پسند خان،سجاد قاضی،توصیف احمد اور شوکت علی شامل تھے۔سنگاپور میں مقیم پاکستان کی پریس قونصلر نگہت شاہ بھی سنگاپور کے مختلف شعبوں کے دوروں کے دووران پاکستانی وفد کے ہمراہ تھیں۔