لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو شارجہ ٹیسٹ ہارنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے سے نچلی رینکنگ کی ٹیم سے ہارنا مایوس کن ہے۔ پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو زیادہ اہمیت نہیں دی اسی لیے پچھلے دو ٹیسٹ میچوں میں مشکل ہوئی اور شارجہ ٹیسٹ میں بہت زیادہ غلطیاں کر ڈالیں۔ طویل سیریز کھیلنے کی صورت میں کبھی کبھی کھلاڑی ریلیکس ہوجاتے ہیں۔ سیریز پہلے ہی جیت لینے کے باوجود پاکستانی ٹیم شارجہ ٹیسٹ ہر حال میں جیتنا چاہتی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے دونوں اننگز میں بہت بری بیٹنگ کی اور فیلڈنگ بھی اچھی نہیں تھی‘ ویسٹ انڈیز نے نظم و ضبط کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جوں جوں کھیلتی رہے گی اس کی کارکردگی میں بہتری آتی جائے گی۔فاسٹ بائولرز کی کارکردگی اطمینان بخش ہے لیکن اس میں بہت زیادہ بہتری کی ضرورت بھی ہے خاص طور پر آسٹریلیا میں فٹنس کا کردار بہت اہم ہوگا۔ امید ہے ٹیم نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔