فری بلوچستان کے اشتہارات ، سیکرٹری خارجہ کا برطانوی ہائی کمشنر کوفون ، شیدید احتجاج

Nov 04, 2017

اسلام آباد (اے پی پی+ بی بی سی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو فون کیا اور لندن کی گاڑیوںپر درج پاکستان مخالف نعروں جو پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر براہ راست حملہ ہے، پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ ایک دوست ملک کی سرزمین پر اس قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت سے متصادم بدنیتی پر مبنی اشتہاری مہم اور سرگرمیوں کو مسترد کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر نے خارجہ اور دولت مشترکہ دفتر کے سامنے بھی اٹھایا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایسی مذموم اور بدنیتی پر مبنی مہم جوئی کے مقاصد سے بخوبی آگاہ ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے لندن میں چند ٹیکسیوں پر لگے فری بلوچستان کے اشتہارات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس طرح کی کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں لندن کی ایک ٹیکسی پر لگے اشتہار میں ’’فری بلوچستان‘‘ تحریر تھا۔
لندن اشتہارات

مزیدخبریں