اسلام آباد + ظفر وال (آئی این پی+ نمائندہ نوائے وقت) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری کے درمیان الفاظ کے تبادلے کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے، پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں آئین موجود ہے، اس میں تمام مسائل کا حل ہے۔ جمہوری ملک میں بحث پر پابندی نہیں ہے۔ ملک ایک اور حادثے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انصاف وہ ہو جو نظر بھی آئے۔ جمہوری معاشرے کا یہی تو حسن ہے کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف آپس میں تلخ و شریں، اچھے اور برے حالات کے دوست اور مخالف رہے۔ ایک حکومت میں ہوتا ہے تو دوسرا فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے درمیان کوئی بڑا اختلاف نہیں، مجھے تو یہ الفاظ کی جنگ نظر آتی ہے۔ علاوہ ازیں ظفروال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سینیٹر سراج الحق آج جلسہ عام سے خطاب کریں گے‘ جگہ جگہ خوش آمدید کہنے کیلئے بینرز لگا دیئے گئے ہیں مین جنڈیالہ روڈ پر جلسے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں جلسہ گاہ میں پانچ ہزار کرسیاں لگائی گئی اور تیس فٹ سٹیج تیار کیا گیا۔ افتخار احمد چودھری حلقہ پی پی 132کے امیدوار نے ظفروال پریس کلب کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈور ٹو ڈور جا کر لوگوں کو دعوت نامے دیئے گئے ہیں‘ لوگوں کی کثیر تعداد کی شرکت ہو گی۔
سراج الحق