لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے ملتان بار کے صدر شیر زمان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بغیر کاروائی کے جنوری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔عدالتی سماعت کے موقع پر عدالت عالیہ میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے۔ ریزرو پولیس کے دستے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بنچ نے شیر زمان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔عدالتی حکم کے باوجود شیر زمان عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے۔لاہورہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل عدالت میں پیش ہوئے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شیر زمان نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت جنوری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔سماعت کے موقع پر چیف جسٹس کی عدالت کو جانے والے تمام راستوں پر اضافی خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیا گیا۔ عدالتوں کی طرف جانے والے سائلین کی آمد ورفت کے لئے صرف ایک راستہ کھلا رکھا گیا۔