کراچی(وقائع نگار) سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو دو گھنٹے تاخیر سے دوپہر 12 بجے قائم مقام سپیکر سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی بیٹی دینا واڈیا کے انتقال پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دعا کے وقفے کے دوران مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہاکہ شرجیل میمن اور دیگر کو کرپشن کیس میں جیل بھجوانے والی محکمہ اطلاعات سندھ کی خاتون ڈائریکٹر زینت جہاں کے تحفظ کے لیے بھی دعا کی جائے ۔ ایم کیو ایم کے رکن انجینئر صابر حسین قائمخانی نے کہا کہ سندھ میں کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی دعا کی جائے۔ جمعہ کو اجلاس تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے اجلاس کی کارروائی مکمل نہ ہو سکی اور قائم مقام اسپیکر نے اجلاس پیر کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔ سندھ میں بچوں کی مشقت سے متعلق کوئی قابل اعتماد اعداد و شمار نہیں ہیں۔ صوبے میں 3397 کارخانے بند ہیں۔ یہ باتیں سندھ کے وزیر محنت و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ محنت سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب میں بتائیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ میں بچوں کی مشقت کے حوالے سے کوئی تصدیق شدہ اعداد و شمار نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی اور حیدر آباد ریجنز میں 6639 فیکٹریز چل رہی ہیں جبکہ 3397 فیکٹریز بند ہیں۔ ان فیکٹریز میں 421518 مستقل ملازمین ہیں جبکہ 228201 عارضی ملازمین ہیں۔ 3397 بند فیکٹریز میں سے 3038 فیکٹریز صرف کراچی ریجن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیکٹریوں کو کھولا جائے تو سندھ انویسٹمنٹ بورڈ اس میں تعاون کرے گا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ حکومت سندھ نے کم از کم ماہانہ اجرت 15 ہزار روپے مقرر کی ہے۔ کچھ فیکٹری مالکان یہ اجرت نہیں دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ دریںاثنا ء سندھ کے وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ لاڑکانہ جیل میں چار قیدی خواتین کے حاملہ ہونے کی رپورٹ غلط ہے۔ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور ایسی رپورٹس نہیں دینی چاہئیں۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دے رہے تھے۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس، قائداعظم کی بیٹی کے انتقال پر ایک منٹ کی خاموشی
Nov 04, 2017