بھارتی شہری کی زلزلہ پیشگوئی کو پاکستانی اداروں نے سنجیدہ لے لیا، بچائو کی تیاریاں

اسلام آباد ( بی بی سی) غیر معمولی چھٹی حس رکھنے کے دعویدار ایک انڈین شہری کے بحر ہند میں زلزلے اور سونامی کی پیشگوئی کے بارے میں اپنے وزیراعظم کو لکھے گئے خط نے پاکستان میں ریاستی اداروں کو اس سال دسمبر میں ممکنہ زلزلے اور سونامی کے اثرات سے بچنے کے لیے تیاریوں پر مجور کر دیا ہے۔ بابو کلایل نامی بھارتی شہری نے ستمبر میں اپنے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی غیر معمولی حسی صلاحیت کی بنیاد پر یہ بتا سکتا ہے کہ اس سال کے ختم ہونے سے پہلے بحر ہند میں ایک زلزلہ آئے گا جس سے سونامی پیدا ہو گی جس سے ایشیا کے سات ملک متاثر ہوں گے جن میں انڈیا اور پاکستان بھی شامل ہیں۔ اس پیشگوئی کی کوئی سائنسی توجیہہ بیان نہیں کی گئی ہے کیونکہ دنیا میں ابھی تک ایسی کوئی تکنیک دستیاب نہیں ہے جس کے ذریعے زلزلے کی 15 سیکنڈ سے پہلے اطلاع دی جا سکے۔ انڈین سوشل میڈیا میں یہ خط شائع ہونے کے بعد وائرل ہوا اور مختلف اخبارات نے اس پر خبریں شائع کیں جس میں اس شخص اور اس کی اس پیشگوئی کا مذاق اڑایا گیا۔ لیکن آثار بتا رہے ہیں کہ پاکستانی اداروں نے اس شخص اور اس کی پیشگوئی کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ جمعرات کی رات پاکستان میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بہت سے صارفین میڈیا میں گردش کرنے والا ایک سرکاری حکمنامہ پڑھ کر حیران و پریشان رہ گئے۔ یہ ایک اندرونی مراسلہ تھا جو ملک میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے ادارے (ایرا) کے سربراہ کی جانب سے اپنے سٹاف کے بعض ارکان کو بھیجا گیا تھا۔ ایرا کے سرکاری کاغذ پر تحریر کردہ اس حکمنامے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کے ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس یا آئی ایس آئی کی جانب سے بحر ہند میں زلزلے کی پیشگی اطلاع کے بعد اس سے نمٹنے کے لیے قواعد و ضوابط کی تیاری کے لیے ایک ادارے کا ایک اجلاس چھ نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔ اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی نے مستقبل قریب میں بحیرہ عرب میں ایک بڑے زلزلے کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے سرکاری اداروں کو اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایرا کی جانب سے بار بار رابطے کے باوجود اس مراسلے کی صحت کے بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے لیکن پاکستانی محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر غلام رسول نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی ایس آئی کی جانب سے اس طرح کی اطلاع کے بعد ان کے ادارے سمیت متعدد پاکستانی سرکاری ادارے بحر ہند میں اس ممکنہ زلزلے اور اس کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ آئی ایس آئی کی جانب سے اس تنبیہہ کی بنیاد بھارتی وزیراعظم کو لکھا گیا ایک خط ہے جس میں دسمبر کے آخر میں بحر ہند میں زلزلے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جب ڈاکٹر غلام رسول سے پوچھا گیا کہ کیا کوئی سائنسی طریقہ ہے جس کے ذریعے مستقبل میں آنے والے زلزلے کے بارے میں پہلے سے اطلاع دی جا سکے، تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...