عمران بہتان خان بن چکے، شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن سے مخالفین کا مستقبل تاریک ہوگیا: ترجمان پنجاب حکومت

لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کے ترجمان اور رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ کرکٹر عمران خان سیاست میں آکر بہتان خان بن چکے ہیں۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن کی وجہ سے سیاسی مخالفین کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ پنجاب میں بدلتی ہوئی صورتحال دیکھ کر عمران خان بوکھلا چکے ہیں۔ عمران خان کی سیاست الزام تراشی پر مبنی ہوتی ہے اور شہباز شریف کی سیاست کا محور ہمیشہ سے عوامی خدمت ہے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب میں روز بروز ترقی دیکھ کر خیبر پی کے عوام رشک کرتے ہیں۔ صوبہ بھر کے دیہات میں کھیت سے منڈی تک ہزاروں کلومیٹر پختہ سڑکیں تبدیلی اور ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ کسان پیکیج سے پنجاب کے کسان کی قسمت بدل گئی۔ عمران خان اور ان کے حواری یہ دیکھ کر پریشان ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن