نیول چیف کا ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی تنصیبات اور یونٹس کا دورہ

Nov 04, 2017

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گزشتہ روز تربت، گوادر اور جناح نیول بیس اورماڑہ سمیت ساحلی علاقوں میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات اور یونٹس کا دورہ کیا اور ان کی آپریشنل تیاریوں اور بندرگاہ کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ پاک بحریہ کی قیادت سنبھالنے کے بعد یہ نیول چیف کا ساحلی علاقوں کا پہلا دورہ ہے۔ تربت میں قائم پاک بحریہ کے فضائی سٹیشن آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیول چیف کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ کو پی این ایس صدیق کی کارکردگی، آپریشنل تیاریوں، سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، مقامی آبادی کی سماجی و معاشی بہبود کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوںاور قومی تعمیر و ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پی این ایس صدیق نیول ائیر بیس کو پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہاں کمرشل فضائی سرگرمیوں کے امکانات بھی روشن ہوں گے جس سے بلوچستان اور گردو نواح میں اقتصادی ترقی کو تیزی سے فروغ حاصل ہوگا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ دیگر شہری سہولتیں بشمول پی این ماڈل سکول تربت مقامی آبادی کو معیاری سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کریں گی جس سے اس خطے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا جو پاکستان نیوی کی قومی تعمیر و ترقی کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔ بعد ازیں نیول چیف نے گوادر اور اورماڑہ میں قائم پاک بحریہ کے یونٹس کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں اور گوادر پورٹ کی آپریشنل سرگرمیوں اور CPEC کے تناظر میں سکیورٹی کے پہلوئوں پر بریفنگ دی گئی۔ سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر مجموعی تبصرہ کرتے ہوئے چیف آف دی نیو ل اسٹاف نے درپیش بحری چیلنجز کے تناظر میں پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اہم نوعیت کے بحری ڈھانچے کے دفاع اورہر قسم کے خطرات سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی ہر قیمت پر ملک کی بحری سرحدوں کی حفاظت کرتی رہے گی۔ 

مزیدخبریں