مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے سلطانہ شاہین پی ٹی آئی کی رہنما نبیلہ بٹ اشتہاری قرار

ملتان (سپیشل رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے عدالت میں پیش نہیں ہونے پر مسلم لیگ ن کی ایم پی اے سلطانہ شاہین اور پی ٹی آئی کی رہنما نبیلہ بٹ کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے گرفتار کر کے 28 نومبرکوپیش کرنے کا حکم دیاہے۔ فاضل عدالت نے اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان کو ایم پی اے سلطانہ شاہین اور سی پی او ملتان کو سب انسپکٹر وہیڈ کانسٹیبل کی تنخواہیں بند کرنے کا حکم بھی دیاہے۔ تفصیل کے مطابق ایم پی اے سلطانہ شاہین نیسال 2016 ء میں تھانہ پرانی کوتوالی میں اپنی پوتی حرم نعمان کو اغوا کرنے کے الزام میں نبیلہ بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس میں قبل ازیں بھی دونوں خواتین کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تاہم پیش ہونے پروارنٹ گرفتاری واپس لے لئے گئے بعدازاں دونوں خواتین دوبارہ عدالت سے غیر حاضر ہوگئیں اور عدالت کی جانب سے متعدد بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئیں جس پر گزشتہ روز دونوں کو اشتہاری قرار دینے کے ساتھ ایم پی اے کی تنخواہ بھی بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناء اسی مقدمہ میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر تھانہ پرانی کوتوالی کے اے ایس آئی عبدالسلیم ، ہیڈ کانسٹیبل شہزاد حسن اور پرائیویٹ گواہ سونیا بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے اور سی پی او ملتان کو دونوں پولیس اہلکاروں کی تنخواہ بند کرنے کا حکم بھی دیا گیاہے۔

ای پیپر دی نیشن