لاہور (نامہ نگاران) مختلف شہروں میں جماعت اہلسنت کی اپیل پر تحفظ ختم نبوت قانون میں ترمیم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ اس موقع پر ریلیاں بھی نکالی گئیں اور دھرنے دیئے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے حاضرین سے خطاب کیا کہ آئین میں ختم نبوت کی شق میں ترمیم کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کر کے سزا دی جائے۔ نورپورتھل میں علامہ شیر محمد سیالوی کی قیادت میں ختم نبوت ریلی نکالی گئی جو لاری اڈہ سے شروع ہو کر کشمیر چوک تک گئی جہاں علامہ شیر محمد سیالوی، پروفیسر عبدالطیف اور دیگر معززین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشقان مصطفی عقیدہِ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ سمبڑیال میں لاری اڈہ پر تنظیمات اہلسنت سمبڑیال کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے قاری منیر احمد ،علامہ مفتی غلام مصطفی شیرازی ، پیر محمد اجمل طیبی،نعیم حجازی،چوہدری مظہر حسین گھمن،محمد افضل انصاری،نذرمحی الدین،قاری سرفراز کیانی سمیت دیگر نے کہا کہ جو لوگ آئین پاکستان میں بالخصوص ختم نبوت اور ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم کر کے قادیانیوں کی راہ کوہموار کررہے ہیں ان کو بے نقاب کر کے ان سے استعفیٰ لے کر آئین پاکستان کے تحت سزادی جائے اوراسلام آباد میں دھرنے میں شامل کنز العلماء ڈاکٹر محمد ارشد جلالی کے 6مطالبات کو فی الفور منظور کیا جائے اگر ان مطالبات کو نہ مانا گیا تو 6اکتوبر کی ریلی حکومت کادھرن تختہ کردے گی۔ چیچہ وطنی میں جماعت اہلسنت کی اپیل پر تحفظ ختم نبوت ؐکے قانون میں ترمیم کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی اور حکومت کے خلاف مرکزی نور المساجد سے مفتی ظہیر احمد بابر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھو ں میں پلے کارڈ اورکتبے اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف قسم کے نعرے درج تھے ، ریلی نورالمساجد سے شروع ہو کر صدر بازار، فوارہ چوک، مین بازار اور اوکانوالہ روڈ سے ہوتی ہوئی شہر والا پل پر اختتام پذیر ہوئی جہاں حکومت اورصوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بے حس حکمرانوں نے ایک نااہل شخص کو نوازنے کی آڑ میں ختم نبوتؐ کے قانون میں ترمیم کی جو قادیانیوں کو نوازنے کی سازش ہے اسے ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھلوال میں ختم نبوت قوانین میں تبدیلی کے خلاف تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے زیراہتمام سالم انٹرچینج چوک میں احتجاج کیا گیا بھلوال، سالم ، پھلروان اور گردو نواح سے ریلیاں سالم انٹرچینج چوک پہنچیں تو علماء کرام نے شرکاء سے خطاب کیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہؐ سرگودھا ڈویژن کے صدر علامہ عامراسلم ساہی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ختم نبوت قوانین میں ترمیم کے مرتکب ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں انتشار سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ قادیانیوں کو سپورٹ کرنے والوں اور ان کیلئے نرم گوشہ رکھنے والوں کو اقتدار سے الگ کردیا جائے ۔ فیصل آباد میں تحریک حرمت رسولؐ اور جماعۃالدعوۃ کی اپیل پر یوم تحفظ ختم نبوتؐ منایا گیا ۔ہلال احمر چوک تا ضلع کونسل چوک تک تحفظ ختم نبوتؐ کارواںکا انعقاد کیا گیا۔کارواں کے اختتام پر ضلع کونسل چوک پر ختم نبوتؐ کے حوالے سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔مظاہرین نے بینرز اور فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر ختم نبوت کے حوالے سے نعرے درج تھے۔مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔مظاہرے کے شرکا ،علماء اور خطباء نے ختم نبوت قانون میںترمیم کے حوالہ سے راجہ ظفر الحق کی نگرانی میں تیارکردہ تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ وزیر قانون زاہد حامد کو برطرف اور ملوث افراد کو سخت سزا دینے تک قوم مطمئن نہیں ہو گی۔ احتجاجی مظاہرے سے شیخ فیاض احمدجنرل سیکرٹری ملی مسلم لیگ پاکستان،اعجاز احمد تنویر مرکز ی رہنما جماعۃالدعوۃ پاکستان،مقبول احمد کوآرڈینیٹردفاع پاکستان کونسل، ڈاکٹر رضوان محمود رہنماء تحریک حرمت رسول ،قاری عبدالشکور ملی یکجہتی کونسل ،قاری محمد حنیف بھٹی مرکزی جمعیت اہلحدیث،ڈاکٹرظفر اقبال چیمہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن و دیگر نے خطاب کیا۔شیخ فیاض احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے ۔شاہد خاقان عباسی پاکستان کے وزیر اعظم ہیں وہ نااہل سابق وزیراعظم کے لئے قوانین بنانے کے بجائے ناموس مصطفیٰ ﷺ کے لئے متحرک ہوں۔ جس نے بھی نبی کریم ﷺ کی عزت،ناموس،وقار سے کھیلنے کی کوشش کی رب نے اسے دنیا میں ہی رسوا کر دیا۔ اعجاز احمد تنویرنے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعیدنے قوم کو نعرہ دیا تھا کہ حرمت رسولؐ پر جان بھی قربان ہے۔اگر عقیدہ ختم نبوت کے حوالہ سے آئین میں ترمیم کرنے والے ذمہ داران کو سزا نہ دی گئی تو پاکستانی قوم کا بچہ بچہ کفن پہن کر حرمت رسولؐ پر جان بھی قربان ہے کا نعرہ لگائے گا۔ ڈاکٹر رضوان محمود،قاری عبدالشکورو دیگر نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی حرمت اور ختم نبوت کو کمزور کرنے کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رہے گی ، قانون میں 7 بی اور 7 سی کی بحالی اور ختم نبوت کے متعلق الفاظ کو حذف کرنے والے کرداروں کو بے نقاب کرنا ہو گا، پنجاب پولیس میں اعلیٰ عہدے پر متعصب قادیانی آفیسر کی تعیناتی قابل تشویش ہے ، فوری ہٹایا جائے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل اور اس کی حلیف جماعتوں پاکستان شریعت کونسل ، متحدہ علماء اسلام ، انٹرنیشنل متحدہ علماء کونسل ، جمعیت علماء اسلام ، ختم نبوت فورم ، ختم نبوت یوتھ فورس کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم تحفظ ختم نبوت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر (گوجرانوالہ )، مولانا عبد الکریم ندیم (رحیم یار خان ) ،علامہ عبد الحق مجاہد (ملتان)، مولانا عبد الحمید وٹو (قلعہ دیدار سنگھ) ، مولانا اسد اللہ فاروق (لاہور) ، مولانا اسعد زکریا (کراچی)، مولانا محمد ادریس قاسمی (فیصل آباد) ، مولانا محمد شفیع قاسمی (ساہیوال)، حاجی محمد طیب قادری (ننکانہ )، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان(راوالپنڈی) ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا محمد اشفاق پتافی(اسلام آباد )، مولانا عمر عثمانی (گجرات) ، مولانا انوار الحق مجاہد ، شبیر یوسف گجر (ملتان) ، مولانا اسید الرحمن ، مولانا عبد الحکیم اطہر،قاری زبیر زاہد، مولانا اسلام الدین ، قاری محمد اسلم قادری (لاہور) ، مولانا حسان احمد حسینی (ڈسکہ ) ، مولانا محمد خورشیدنعمانی (بہاولنگر) ، مولانا فہیم الحسن فاروقی (شیخوپورہ) ، مولانا رسال الدین آزاد (قصور) ، میاں راشد منیر (سیالکوٹ) ، مولانا عاصم شاد ، مولانا عبد الوحید فاروقی (ناروال )، مولانا امجد محمود معاویہ (گوجرانوالہ)، مولانا ابو بکر حمزہ (چکوال) ، مولانا حبیب الرحمن عابد ، مولانا طیب گورمانی (فیصل آباد) ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ ) ، مولانا محمد شکیل قاسمی (اوکاڑہ) ، مفتی عمر فاروق (خانیوال) ، مولانا عبد الغفار شاہ حجازی (لودھراں)، مولانا تنویر احمد (بہاولپور) ، مولانا محمد احمد مکی (مظفر گڑھ)، مولانا محمد اصغر کھوسہ (ڈیرہ غازی خان )، مولانا سعد اللہ شفیق ، مولانا احمد ندیم (رحیم یار خان )، مولانا عبد المجید پتافی ، مولانا اعظم فاروقی (کراچی) اور دیگر نے ملک کے مختلف شہروں میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کیا۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد مصطفی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف قانون سازی میں عقیدہ ختم نبوت کے ساتھ کھیلنے والے کرداروں کو بے نقاب کریں ، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت قادیانیت کے افکار اور نظریات کو مسلط کیا جا رہا ہے ، حکومت قادیانیت نوازی کرنے والے وزراء اور ذمہ داران کو بے نقاب کرے ، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ حکومت سمیت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔